بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے معزز صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ سہولیات کی فراہمی کے تحت ”چناری“ میں برانچ کھول دی گئی۔مظفر آباد سرینگر شاہرہ پر دریائے جہلم کے کنارے ہزاروں کی آبادی پر مشتمل اس علاقہ میں ریاست کے واحد معتبرسرکاری مالیاتی ادارے کی نئی برانچ میں کاروباری شخصیات، سرکاری ملازمین، طلباء سمیت عوام علاقہ نے اپنے اکاؤنٹ کھولے اور بینک کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔نئی برانچ کھلنے کے بعد ریاستی بینک کی برانچوں کی کل تعداد 76ہو گئی ہے۔ صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے بینک کی جانب سے مزیدبرانچیں کھولی جائیں گی۔بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے کہا ہے کہ رواں سال اب تک بینک آف آزاد جموں وکشمیرکی6نئی برانچیں کھولنے سے ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کا نہ صرف برانچ نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے بلکہ آزاد ریاست کے دوردراز علاقوں میں صارفین کو بینکنگ سہولیات کی فراہمی سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا ریاستی حکومت بالخصوص وزیر خزانہ، ان لینڈ ریونیو و امداد باہمی جناب خان عبدالماجد خان جو کہ بینک چیئر مین بھی ہیں، کی رہنمائی میں اس خطے کی معاشی اور سماجی ترقی بینک کا نصب العین بن چکی ہے۔یہاں یہ امر قابل زکر ہے کہ رواں سال اکتوبر تک بینک کا منافع بڑھ کر 398ملین روپے تک پہنچ گیاجو کہ بینک کی 15سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔اسی طرح دیگر شعبہ جات ڈیپازٹس،ترسیلات زر، اثاثہ جات،قرضہ جات کی فراہمی میں بھی تاریخ ساز اضافہ ہوا ہے۔ نئی برانچیں کھولنے پر ان علاقوں کی بزنس کمیونٹی، ملازمین، طلباء سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام نے جس طرح کشمیر بینک کے ساتھ کاروباری تعلقات قائم کرنے کا عزم ظاہر کیا اس سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہو گئے ہیں۔ یاد رہے31دسمبر2020کو بینک کی برانچوں کی کل تعداد70تھی۔ رواں سال 2021کے دوران اب تک6 نئی برانچیں کھول کر انہیں آپریشنل کیا جا چکا ہے
ریاستی وزیر خزانہ، ان لینڈ ریونیو و امداد باہمی اور چیئر مین بینک آف آزاد جموں و کشمیرجناب خان عبدالماجد خان کی زیرصدارت بینک کے ہیڈ آفس پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 57واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹرز،سیکریٹری فنانس جناب عصمت اللہ شاہ، سیکریٹری انڈسٹریز سید ظہورالحسن گیلانی،سیکریٹری قانون و پارلیمانی امور جناب ارشاد احمد قریشی،بورڈ کے پرائیویٹ ممبرا ن چوہدری محمد اختر، سید حیدر عباس، جناب مبشر نبی، جناب ذوالفقار عباسی سمیت کمپنی سیکریٹری جناب معاذ اللہ خان نے بھی شر کت کی۔اجلاس کے آغاز پر چیئر مین نے تمام نئے ممبرا ن کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں بورڈ کے ڈائریکٹر زمقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر ریاستی وزیر خزانہ نے کہا کہ بینک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ آزاد حکومت کی سر پرستی میں اس ادارے کو کامیاب اور صف اول کے بینکوں میں شامل کرنے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست کا یہ واحد مالیاتی ادارہ بہترین بزنس نتائج کے حصول کے لئے مزیدجانفشانی سے پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ قبل ازیں صدر بینک جناب خاور سعید نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی بینک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منافع، ڈیپازٹس،ترسیلات زر، اثاثہ جات،قرضہ جات کی فراہمی میں نہ صرف اضافہ کر رہا ہے بلکہ گزشتہ دو سال سے بھی کم عرصہ میں بزنس اہداف عبورکرتے ہوئے بینک کی 15سالہ تاریخ میں ریکارڈ قائم کئے ہیں۔کسٹمر سروس میں بہتری، کمپلائنس اور آپریشنل کنٹرول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔رواں سال اب تک 6 نئی برانچیں کھولنے کے بعد بینک کا نیٹ ورک76برانچوں تک پھیل گیا ہے۔ صارفین کو ان کی دہلیز پرخدمات فراہم کرنے کے لئے مزید برانچیں کھولی جائیں گی۔ریاست کی معاشی اور سماجی بہتری کے لئے سیاحت اور صحت عامہ کی ترقی، ریاستی ملازمین کے لئے ایڈوانس سیلر ی سکیم، گھر کی تعمیر،نئی گاڑی کی خریداری،گولڈ لون جیسی قرضہ جات کی بہترین، معیاری اور انشورنس کی حامل سکیمیں لانچ کی گئی ہیں جب کہ انتہائی آسان شرائط اور سب سے کم ترین مارک اپ پر قرضہ جات کی فوری ادائیگی کی جاتی ہے۔ منافع اور ترسیلات زر میں اضافے کے لئے مستند کمپنیوں سے معاہدے کئے گئے ہیں۔بینک میں جدیدبینکاری تقاضوں سے مطابقت رکھنے والی انفارمیشن ٹیکنالوجی نصب کی جا رہی ہے۔
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے صدر خاور سعید کی ملاقات۔ صدر ریاست نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں وکشمیر کا مستقبل روشن ہے اور اس پر عوام کا مکمل اعتماد ہے۔ بینک قیادت کے متحرک اور پر اعتماد ہونے کی وجہ سے ہدف سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ روز یہاں صدر ریاست سے بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے صدر خاور سعید نے صدر ریاست کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس دوران صدر کشمیر بینک خاور سعید نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزادکشمیر کے واحد مالیاتی ادارے کے فنانشل نتائج پر بریفنگ دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بینک کو حکومت اور معزز صارفین کی سرپرستی اور تعاون سے صف اول کا مالیاتی ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بینک نے صرف گزشتہ ڈیڑھ سال کی انتھک محنت اور جدوجہد سے منافع اثاثہ جات، ڈیپازٹس سمیت دیگر شعبوں میں شاندار اضافہ کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں وکشمیر ہمارا قومی بینک ہے ریاست میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے یہاں ہر شعبہ ہائے زندگی میں تیز رفتار ترقی ہونے والی ہے جس سے معاشی سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ ہو گا۔ اس سب میں بینک آف آزادجموں وکشمیر کا کلیدی اور اہم کردار ہو گا۔ صدر ریاست کا کہنا تھا کہ بینک آف آزادجموں وکشمیر جلد کامیاب ترین بینکوں کی صف مین شامل ہو گا۔ صارفین کو آگے بڑھ کر اپنے قومی بینک کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔ اس موقع پر صدر ریاست نے کہا کہ کشمیر بینک بہتر انداز میں فعال ہونے سے اوورسیز کشمیری بھی اس میں زرمبادلہ بھیجیں گے جس سے ریاست کی اقتصادی حالت میں بہتری ہو گی۔
آزاد ریاست جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی سے گزشتہ روز بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ریاست کے واحد مالیاتی ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر موجودہ حکومت کے دور میں ترقی اور کامیابی کی منازل تیز رفتاری سے طے کرے گا۔ اس دوران بتایا گیا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کامیابی آور ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہوکر ریاست کی معاشی اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ بینک نے سال 2020 کی طرح سال2021کی پہلی ششماہی میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ سازمنافع کمایا۔ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں قابل قدر اضافہ کیا گیا۔سال 2020 میں بینک کا منافع125فیصد اضافے کے ساتھ301ملین روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاجو کہ بینک کی 15سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔جب کہ دسمبر2019میں بینک کا منافع کم ہو کر134ملین روپے رہ گیا تھا۔بینک نے کامیابی کا سفر جاری رکھتے ہوئے30جون2021تک 204.545ملین روپے آپریٹنگ منافع کمایا۔رواں سال30جون2021تک بینک کے کل ڈیپازٹس بڑھ کر 17.79ارب روپے تک پہنچ گئے جوکہ بینک کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ ہیں۔سال2021میں 30جون تک بینک کے ترسیلات زر(ہوم ریمیٹنسز) میں بھی اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 2.9ارب روپے ہو گئے۔ترسیلات زر میں اضافہ بینک کی ابتداء سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔ سال2021میں 30جون تک بینک کے کل اثاثہ جات کی مالیت بڑھ کر 24.316ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2021کے پہلے6ماہ میں بینک کی آپریشنل برانچز کی تعداد 70 سے بڑھا کر75کر دی گئی۔ ریاست کے ہر ضلع، تحصیل اور یونین کونسل میں صارفین کو ان کی دہلیز پر بینکنگ خدمات کے لئے آپریشنل برانچز کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے برانچز نیٹ ورک بڑھایا جا رہا ہے۔بریفنگ کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ ریاستی بینک حکومت کی سرپرستی میں دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا۔